پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلورنے بجلی و گیس کی قیمتوں میں مزید ممکنہ اضافے کو حکومتی ٹیم کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور چین کے بعد حکومت آئی ایم ایف کے گھٹنوں میں جا بیٹھی ہے اور مہنگائی کے حوالے سے آئی ایم ایف کا دباؤ قبول کرنا شروع کر دیا ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹیم میں نااہلی ، بدانتظامی اور بدنیتی کی فراوانی ہے ،وزیر اعظم اپنی نااہل ٹیم کے شگوفوں کی بجائے بہتر معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کریں ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار کے آغاز سے آج تک بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے پر سارا زور لگایا ، انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے ،ملک میں مہنگائی اور ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ ناتجربہ کار اور غیر سنجیدہ حکمران ہیں ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 90ڈالر سے کم ہوکر70ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ پاکستان میں قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ،ثمر بلورنے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی سبسڈی ختم کرنے سے صارفین پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا جس کا حکومت کو ادراک نہیں، پی ٹی آئی کے سونامی نے عوام کو مہنگائی کی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے اور اس سلسلے میں آئی ایم ایف کے دباؤ میں آنے کی بجائے معاشی پالیسی سازوں کی خدمات حاصل کرے، آئی ایم ایف سے نئے قرض کے حصول کے بعدمہنگائی کی شرح میں مزید 40فیصد تک اضافے کا امکان ہے جس سے غریب آدمی زندہ درگورہو جائے گا۔