پشاور( پ ر) باچا خان ٹرسٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ خدائی خدمتگار تنظیم کی شکل میں باچا خان کے خدائی خدمتگار وں کی تنظیم کو دوبارہ فعال کیا جائیگا،اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و سیکرٹری باچا خان ٹرسٹ ایمل ولی خان نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد سابق ڈی جی ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈاکٹر شمس سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ باچا خان ٹرسٹ پھر سے خدائی خدمتگار تنظیم کی شکل میں باچا خان کے خدائی خدمتگاروں کی تنظیم کو فعال کررہی ہے۔خدائی خدمتگار تنظیم ملک بھر میں ہنگامی حالات، حادثات، قدرتی آفات اور دیگر مشکلات کے موقع پر عوامی خدمت سرانجام دیگی ،خیبرپختونخوا سے تنظیم کا آغاز کرکے بعد میں اسے ملک بھر میں پھیلایا جائیگا ۔ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کیس کے طور پر پہلی فرصت میں خیبرپختونخوا کے ایک ضلع کا انتخاب کیا جائیگا ،جہاں پر تنظیم کو فعال کرنے کے بعد اسے صوبہ بھر اور اسکے بعد پورے ملک تک وسعت دی جائیگی۔ خدائی خدمتگار سنٹر میں ایمبولینس ،فائیر بریگیڈ اور کشتیوں کی سہولت فراہم کی جائیگی ،تمام اضلاع کے خدائی خدمتگار سنٹرز میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بھی بنائی جائیگی ۔ایمل ولی خان نے اس موقع پر سابق ڈی جی ہیلتھ و ریسکیو 1122ڈاکٹر شمس کو خدائی خدمتگار تنظیم کا ڈائریکٹر تعینات کیا جبکہ خدائی خدمتگار تنظیم کے بورڈ میں امریکہ سے ڈاکٹر ارشد ریحان،انگلینڈ سے ڈاکٹر خلیل نواز اور سعودی عرب سے ڈاکٹر مزمل شاہ بھی شامل ہونگے ۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ خدائی خدمتگار تنظیم کے بورڈ میں مختلف اداروں سے اعزازی ممبران کا انتخاب بھی کیا جائیگا۔