پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان صر الدین مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایک سالہ دور اقتدار مستقبل کے اندھیروں کی عکاسی کر رہا ہے اور تمام ملکی اداروں کو تباہ کر کے انہیں اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے، روپے کی بیقدری اور ڈالر کی اونچی اڑان نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی بھرمار،سے غریب آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے جبکہ ملک کی بیشتر آبادی ایک وقت کی روٹی کیلئے بھی ترس رہی ہے، صدرالدین مروت نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار غریب عوام ادویات سے محروم کر دیئے گئے اور دکھائی یہی دیتا ہے کہ پلاننگ کے تحت لوگوں کو مارنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا اور تمام مکتبہ فکر کے لوگ روزگار کیلئے دربدر ہیں،انہوں نے کہا کہ نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے،جبکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملک خانہ جنگی کی جانب بڑھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملکی معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کر کے قوم کو اندھیرے میں رکھا ہوا ہے، جھوٹ کی پالیسی اپنائی گئی ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر طرف کرپشن کا بازار گرم ہے اور پی ٹی آئی والوں کے کرپشن سکینڈل نیب میں دبا دیئے گئے ہیں،اپوزیشن نے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے حکومت مخالف تحریک شروع کر دی ہے اوراب ملک وقوم کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت سے بچانے کا وقت ہے۔