پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان صدرالدین مروت نے کہا ہے کہ فخرافغان باچاخان اور رہبرتحریک خان عبدالولی خان برسی تقاریب کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ جنوبی اضلاع میں پہلی بار برسی تقاریب کے سلسلے میں عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا جائیگا جس کے لئے اضلاع کی سطح پر تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ کرک سٹی میں جنوبی اضلاع کیلئے بنائی گئی کمیٹی اراکین خورشیدخٹک اور شاہی خان شیرانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدرالدین مروت نے کہا کہ جنوبی اضلاع کی سطح پر مرکزی تقریب 22جنوری کو بنوں میں منعقد ہوگی جس سے مرکزی و صوبائی قائدین خصوصی خطاب کریں گے۔ تیاریوں کے حوالے سے صوبائی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہر ضلع کے کونسل اجلاس بلائے جائیں گے جس میں کمیٹی اراکین شرکت کریں گے اور ہر ضلع کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیگی۔ کارکنان تیار ی کریں کیونکہ پہلی بار جنوبی اضلاع میں باچاخان اور ولی خان کی برسی کے حوالے سے بڑی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باچاخان اور ولی خان کے پشتونوں پر احسانات ہیں اور وہ حق رکھتے ہیں کہ ان کی برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بڑی تعداد میں پشتون اپنے گھروں سے نکلیں کیونکہ ان دونوں رہنمائوں نے پشتونوں کی خدمت اور شعور کی بیداری کیلئے اپنی زندگیاں وقف کی تھیں۔انہوں نے تمام پشتونوں کو اس جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اے این پی کارکنا نے علاوہ ہر پشتون اس جلسہ عام میں اپنی شرکت کو یقینی بنائے اور اپنے اسلاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کریں۔ اس سے پہلے جنوبی اضلاع کے تمام صدور و جنرل سیکرٹریز کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں برسی تقریب کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔