پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنماء اور سابق وفاقی وزیرحاجی غلام احمد بلور نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت اس حالت تک پہنچانے والے کوئی اور نہیں بلکہ اُن کے سیاسی حریف موجودہ سلیکٹڈ حکمران ہیں،ہائی کورٹ کے ججز صاحبان نے بہادر ی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بار منتخب وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست منظور کی ہے۔حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف سے پرسوں اُن کو ملنے نہیں دیا گیا،جو کہ افسوسناک ہے۔کیا نیب اور پولیس والے یہ بتانا پسند کرینگے کہ عوامی لیڈر کو عوام سے دور رکھنے کا یہی طریقہ ہے کہ اُن کو کسی سے ملنے نہ دیا جائے؟حاجی غلام احمد بلور نے اپنے بیان میں اس اُمید کا اظہار بھی کیا کہ میاں نواز شریف کو منگل کے روز دوسرے کیس میں بھی ضمانت مل جائیگی کیونکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اُن کی حالت تشویشناک ہے،انہوں نے کہا پاکستان کو موجودہ صورتحال میں میاں نواز شریف کی ضرورت ہے کیونکہ میاں نواز شریف پاکستان کے وہ واحد لیڈر ہے جن کے پاس مودی خود لاہور آتا ہے جبکہ میاں نواز شریف کے مقابلے میں مقتدر قوتوں کے لاڈلے کی یہ حالت ہے کہ مودی سمیت دیگر غیر ملکی سربراہان اُن کا ٹیلی فون تک نہیں اُٹھاتے،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ عوام کی خدمت کرنے والے سیاسی لیڈرز کو نہ صرف رسوا کردیا جاتا ہے بلکہ اُن کی زندگی کے ساتھ بھی کھلواڑ ہوتا ہے جو کہ افسوسناک اور تشویشناک ہے۔