پشاور( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے بونیر تحصیل مندن و خدوخیل میں سڑکوں کی مخدوش صورتحال بارے تحریک التواء جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ بونیر آبازئی علاقہ قدرتی حسن سے مالامال اور انتہائی موزوں سیاحتی مرکز ہے، اونچے پہاڑ، گھنے جنگلات اور برف پوش وادیاں ایک دلکش نظارہ ہے لیکن بدقسمتی سے امبیلا بازار سے لیکر نگرئی تک اور پھر علاقہ امازئی کی سڑکیں کھنڈرات بن چکی ہیں۔ تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ علاقے کی سڑکیں آمدورفت کے قابل نہیں۔ پانچ یونین کونسلوں پر مشتمل تحصیل مندن لاکھوں نفوس کی آبادی پر مشتمل ہے۔ مذکورہ علاقہ تمباکو، لیمن گراس اور بہتر ٹماٹرکی کاشت سمیت معدنیات پیداواری کیلئے مشہور ہے، اس علاقے کے لاکھوں افراد باہر ممالک میں سالانہ اربوں روپیہ زرمبادلہ ملک کے آمدنی کا حصہ بناتے ہیں،اس علاقے کے لوگ بجلی بل اور دیگر حکومتی واجبات بھی باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود علاقہ روزمرہ کی بنیادی ضروریات و سہولیات سے محروم ہے۔ تحریک التواء میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ حکومت اور خصوصاً محکمہ سیاحت کو تحصیل مندن کے علاقہ آمازئی کی سیاحتی حیثیت دنیا کو دکھانے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھانے چاہئیے ۔ اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ سڑک کی دوبارہ بحالی اور تمام سڑکوں کی پختگی کیلئے فوری احکامات جاری کرنے چاہئیے تاکہ علاقہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوسکے