پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکاء عوام کیلئے نکلے ہیں، اسلام آباد میں شدید بارش کی وجہ سے وہ بھیگ رہے ہیں،عوام سے اپیل ہے کہ دھرنے کے شرکاء کی مدد کریں اور جڑواں شہروں کے باسی دھرنے کے شرکاء کیلئے پلاسٹک شیٹ، چھتریاں اور ٹینٹ پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی اسلام آباد میں بسنے والے لوگ یہ سب کچھ انسانی ہمدری کی بنیاد پر کریں کیونکہ یہی لوگ اس قوم اور ملک کیلئے قربانی دے رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے، ملک میں مہنگائی عروج پر ہے ، ہر روز بجلی ، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اے این پی کے مرکزی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ مسلط حکمرانوں سے نجات کیلئے اسلام آباد میں لوگ جمع ہیں تاکہ اس ملسط حکومت سے عوام کی جان چھڑائی جائیں اسی لئے وہاں پر بسنے والے لوگ مارچ کے شرکاء کے پاس جا کر ان کی مدد کریں۔