پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی نے پی ٹی آئی کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجوانان عثمان ڈار کی جانب سے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں پشتونوں بارے نازیبا اور تضحیک آمیز ریمارکس کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ رکن صوبائی اسمبلی شگفتہ ملک کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پچھلے دنوں عثمان ڈار کی جانب سے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا گیا کہ پٹھان گلی محلوں میں 500روپے والا کمبل 50روپے میں دے جاتے ہیں۔

درحقیقت یہ نازیبا اور غیرضروری الفاظ پشتونوں اور دیگر پاکستانی قومیتوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ قرارداد میں ان الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکور ہ شخص آئندہ نسب، تعصب اور قومیت کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ شگفتہ ملک کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے کیخلاف پشتون ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہے ہیں اور آج ایسی قوم کیخلاف نا زیبا الفاظ استعمال کرکے تحریک انصاف کے رہنما نے پوری قوم کی دل ازاری کی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمرا ن خان وزیراعظم انکے کیخلاف کاروائی کرے کیونکہ یہ پہلی بار نہیں کہ پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے پشتونوں یا دیگر شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں بارے غلط ریمارکس سامنے آئے ہیں