پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اورسابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی نے عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کو سابق وزیر اعظم کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بیٹے حسین نواز سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے ان سے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،حکومت کو جذبہ خیر سگالی کے تحت نواز شریف کو لندن علاج کے لیے بھیجنا چاہیے تھا لیکن حکومت اس معاملے میں کنفیوژن کی شکار ہوئی۔ہائیکورٹ کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ دو ہفتوں سے نواز شریف سخت بیمار ہیں لیکن حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی تھی جو افسوسناک امر ہے۔انہوں نے نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء حسین نواز نے اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور امیرحیدرخان ہوتی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے ہر مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اس وقت دعاوں کی سخت ضرورت ہے اور پوری قوم اُن کی صحت کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔