پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان اور پختون ایس ایف کے صوبائی ایڈوائزر صدرالدین مروت نے کہا ہے کہ پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن اے این پی کا ہراول دستہ ہے اور اس نے ہر دور میں اے این پی کے شانہ بشانہ فعال کردار ادا کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں ملاقات کیلئے آئے پختون ایس ایف کے صوبائی صدر وسیم خٹک سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے تنظیم کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تنظیم کے نوجوانوں نے قومی و جمہوری حقوق کیلئے ہر طرح کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیااور ہر جابر کا مقابلہ کرتے ہوئے باچا خان کے متعین اصولوں پر کاربند رہے،انہوں نے کہا کہ پختون ایس ایف صوبے کی سب سے زیادہ منظم اور فعال تنظیم ہے جس نے ہمیشہ طلباء کے حقوق کی جنگ لڑی ہے،تاہم موجودہ قومی اور جمہوری حقوق کیلئے پختون ایس ایف کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے بعض تعلیمی اداروں میں حکومتی ایما پر پی ایس ایف کارکنوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور ان کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بلا وجہ بار بار طلباء کو شوکاز نوٹس دیئے جا رہے ہیں جو طلبا کو ہراساں کرنے کے زمرے میں آتا ہے،انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومتی ایما پر اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہیں،اور ایسے ناجائز اقدامات سے گریز کریں جس سے تعلیمی اداروں کا ماحول خراب ہو، بصورت دیگر پختون ایس ایف کے کارکن کوئی بھی مناسب اقدام کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔