پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان صدرالدین مروت نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں،تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے غیر جمہوری اقدامات پر سراپا احتجاج ہیں۔جھوٹ کا سہارا لے کر اقتدار میں آنے والے سلیکٹڈ حکمرانون نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ نااہل حکومت پاکستان پر عذاب بن کر نازل ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے 100 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور اقتصادی صورتحال کی بحالی میں ناکام کے بعد یکے بعد دیگر کئی منی بجٹ پیش کئے اور عوام پر نت نئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر ان کی زندگیاں دشوار بنا دیں، دنیا بھر میں پٹرول سستا جبکہ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر مہنگا ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے، سب کا احتساب ناگزیر ہے،حکومت کا اندرونی شیرازہ بکھرا ہوا ہے،مرکزی و صوبائی حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں اورآئین، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے مسلسل خطرہ بڑھتا جارہاہے۔