پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے پی ٹی وی کے پشتو پروگراموں کی پشاور سے لاہور سٹیشن منتقلی اور ان کے نشریاتی اوقات میں تبدیلی پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحلہ وار پشتو زبان کا گلہ گھونٹنے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے پی ٹی وی کے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پشتو زبان کے خلاف مذاق بند کیا جائے اور اس کے پیچھے موجود محرکات سے باز پرس کی جائے ، انہوں نے کہا کہ تبدیلی والوں نے اقتدار میں آ کر پختونوں کو مرحلہ وار دیوار سے لگانے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے جو قابل مذمت ہے، میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ پی ٹی وی پر گزشتہ تین دہائیوں سے پشتو ثقافتی پروگراموں کی نشریات جاری تھیں جنہیں اب امتیازی سلوک روا رکھتے ہوئے پشاور سے لاہور منتقل کر کے ان کے اوقات بھی تبدیل کر دیئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدنیتی پر مبنی پالیسیاں صرف پختونوں اور پشتو زبان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہیں اور سرکاری ادارے کو اس مقصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ معاملے کا نوٹس نہ لیا گیا تو اے این پی آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کرے گی۔