پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے اے این پی باجوڑ کے سابق ضلعی صدر اور سابق انتخابی امیدوار شیخ جہانزادہ کے گھر پر مارٹر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اپنے مذمتی بیان میں پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ شیخ جہانزادہ کے گھر پر حملہ در اصل امن پر حملہ ہے ،باجوڑ میں امن کے قیام کیلئے شیخ جہانزادہ کی تاریخی کاوشیں شامل ہیں، انہوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ شیخ جہانزادہ اس حملے میں محفوظ رہے ، تاہم پارٹی رہنماؤں نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمنوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے بے نقاب کیا جائے اور اے این پی کو ٹارگٹ کرنے والے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔