پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے جس میں گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول جانگئی بونیر کو شہید طالبعلم ساجد حسین کے نام سے منسوب کرنے کے حکومتی وعدے کی تکمیل کا مطالبہ کیا گیا ہے،توجہ دلاؤ نوٹس اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے جمع کرایا اور اس میں سپیکر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی کہ ضلع بونیر کے گاؤں کوریا کے رہائشی طالبعلم ساجد حسین 20جنوری2016 کو باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے سانحہ میں شہید ہوا تھا جس کے بعد گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول جانکئی کو شہید طالبعلم کے نام سے منسوب کرنے کی حکومتی یقین دہانی کرائی گئی ، افسوس تین سال گزرنے کے باوجود تاحال اس وعدے کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متذکرہ بالا سکول کو شہید طالبعلم کے نام سے منسوب کر کے لواحقین کی دادرسی کی جائے ۔