پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن نے ضلعی کابیناؤں کے انتخاب سے قبل مختلف اضلاع کے حتمی اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے،اس بات کا فیصلہ صوبائی الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار حسین بابک نے کی ،الیکشن کمیشن کے ممبران ،جاوید خان یوسفزئی، خورشید خٹک، گل افضل خان اور ارم فاطمہ بھی اس موقع پر موجود تھیں،اجلاس میں صوبے میں جاری ممبر سازی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ضلعی الیکشن کمیٹیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا ،الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وارڈز، گاؤں،تحصیل، یونین اور ٹاؤن کونسلوں میں انتخابی عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے ، اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ صوبے کے تمام اضلاع کی ضلعی کابینہ کے انتخابات سے قبل مختلف اجلاس باچا خان مرکز میں منعقد ہو نگے جس کے مطابق 31جنوری کو پشاور ویلی کی تمام ضلعی الیکشن کمیٹیوں کا اجلاس صبح دس بجے طلب کیا گیا ہے،اسی طرح یکم فروری کو ملاکنڈ ڈویژن ،2فروری کو جنوبی اضلاع کی تمام ضلعی الیکشن کمیٹیوں ، 4فروری کو ہزارہ ڈویژن اور 5فروری کو قبائلی اضلاع کی الیکشن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہونگے،جن میں متعلقہ اضلاع کیلئے ضلعی کابینہ کے انتخاب کا شیڈول ان کی مشاورت سے طے کیا جائے گا،اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام ضلع اور یونین کونسلوں کی کمیٹیاں ممبر سازی اور تنظیم سازی میں مزید تیزی لانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔تاکہ ممبر سازی و تنظیم سازی کا عمل مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔