پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اے این پی کے رہنما شکیل احمد خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کی ہے، سوات میں اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی وقار احمد خان کے امریکہ میں شہید ہونے والے بھتیجے شکیل احمد خان کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد فاتحہ خوانی کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ شہید شکیل احمد خان کا پورا خاندان دہشتگردی کی نذر ہو گیا لیکن ان کا عزم کبھی غیر متزلزل نہیں ہوا ، انہوں نے شہداء کے خاندان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام اور خطے کی خوشحالی کیلئے اس خاندان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جنہیں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جاے گا،انہوں نے حکومت پاکستان کے توسط سے امریکی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ شکیل خان کے قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایاجائے تاکہ لواحقین کو انصاف مل سکے۔امیر حیدر خان ہوتی نے شہید کے ایصال چواب بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔