پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مالی اور جانی نقصان پر شدید تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں، برفباری اور سیلابی ریلوں کے باعث صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،جہاں کے شہری پہلے ہی غربت اور پسماندگی کا شکار ہیں، حالیہ بارش سے کچے مکانات ،کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات کی وجہ سے قومی و ذاتی املاک کو نقصان پہنچنا افسوس ناک ہے۔تاہم صوبائی حکومت کو اپنی تمام توجہ متاثرین کو فوری امداد بہم پہنچانے کیلئے مرکوز کرنی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے دکھ کی اس گھڑی میں سب کو متاثرین کی داد رسی کرنی چاہئے اور جس حد تک ممکن ہو سکے ان کی امداد کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسری چیز انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی فوری طور پر مالی امداد کرے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ،سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت سے نقصانات کا فوری طور پر جائزہ لینے ، تخمینہ لگانے اور متاثرین کے ساتھ فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کی صورتحال کیلئے الرٹ رہنا چاہئے اور تمام تر توجہ ممکنہ حادثات سے نمٹنے پر مرکوز رکھنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی متاثرین کے دکھ اور تکلیف میں برابر کی شریک ہے اور پارٹی کسی طور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔