پشاور( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ 28اگست کو بلدیاتی اداروں کا دورانیہ ختم ہوچکا ہے لیکن حکومت انتخابات کی تیاریوں میں غیرسنجیدہ ہے، صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کے موڈ میں نہیں۔حکومت عوام کا اعتماد کھوچکی ہے اسلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے بار بار یاددہانی کے باوجود، مطلوبہ فنڈز کی فراہمی اور دیگر ضروریات پورے کرنے سے کترارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کی راہ میں رکاوٹ ہے، جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے سے جمہوریت اور سیاسی پارٹیاں مزید مضبوط ہوں گی۔ بلدیاتی انتخابات اور بلدیاتی اداروں کو مکمل سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دینے ہوں گے۔ سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ گراس روٹ لیول پر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے سے عوام اور ووٹرز میں سیاسی آگاہی آئیگی اور عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ اور آواز اٹھانے کاراستہ ہموار ہوگا۔حکومت کو بلاتاخیر بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے سنجیدہ ہونا ہوگا اور نچلی سطح پر اختیارات تفویض کرنے کو عملی طور پر یقینی بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کے بجائے عوام کو سامنا کرنا پڑے گا