پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل صرف جمہوریت میں مضمر ہے اور ملک پر مسلط غیر منتخب افراد سہاروں کی بنیاد پر جمہوریت سے کھلواڑ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سخاکوٹ میں حجرہ علی خان میں ضلع ملاکنڈ کی تنظیم سازی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ضلعی کابینہ کے انتخاب کیلئے تین عہدوں پر پولنگ کا عمل ہوا جس کے مطابق صدارت کیلئے اعجاز علی خان اور شفیع اللہ خان کے درمیان مقابلہ ہوا ، اعجاز علی خان 47ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئے ووٹنگ میں محمد ارشاد کو کامیابی ملی ،اسی طرح جہان علی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہو گئے جبکہ دیگر کابینہ بلا مقابلہ منتخب ہوگئی ، صوبائی و ضلعی الیکشن کمیشن کے ممبران ، ضلع کونسل ممبران سمیت کثیر تعداد میں عمائدین و مشران بھی اجلاس میں موجود تھے،سردار حسین بابک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اے این پی جمہوری جماعت ہے اور اس میں جمہوری عمل کے ذریعے کارکن اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں ، انہوں نے تمام ملکی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور اے این پی میں ہونے والے جمہوری عمل کی مانیٹرنگ کریں ،انہوں نے کہا کہ اے این پی ملک میں جمہوریت کی بالادستی کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں خود جماعت کے اندر سے جمہوری عمل کا آغاز کرتی ہے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت کے بغیر ممکن نہیں اور عوام جمہوری اداروں کے استحکام و جمہوریت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں لیکن بد قسمتی سے گزشتہ انتخابات میں عوام کی حقیقی نمائندگی پر ڈاکہ ڈال کر غیر منتخب افراد کو مسلط کر دیا گیا جنہوں نے اپنی غیر سنجیدگی کے باعث عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے بے پناہ اضافہ کر دیا ، سردار بابک نے مزید کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے صوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ،ٹیکسوں کی بھرمار اور بے روزگاری نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سہاروں کی بنیاد پر حکومت میں آنے والے حکومتی امور چلانے کے اہل نہیں ،موجودہ حکومت تاریخ کی واحد حکومت ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں اور تبدیلی سرکار کے ڈھونگ پر ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔انہوں نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی آئین و ڈسپلن پر کاربند رہتے ہوئے اپنی تمام توانائیاں ضلع میں پارٹی کو فعال کرنے پر صرف کریں گے۔