پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور پی کے78سے صوبائی رکن اسمبلی ثمر ہارون بلور نے تاجروں کے ایک وفد کے ہمراہ صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ہے اور ہیریٹج منصوبے میں موجود خامیوں اور اس منصوبے سے تاجروں و اہل علاقہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا ہے،اس موقع پر آرکائیوز اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے اعلی حکام بھی موجود تھے، ثمر ہارون بلور نے صوبائی وزیر کو منصوبے میں موجود خامیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ غیر ضروری منصوبے کی وجہ سے اہل علاقہ سمیت تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے تاجر برادری کی خدمات اور اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،ملکی معیشت کیلئے تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور انہوں نے ہر دور میں حکومتوں کا ساتھ دیا ہے، ثمر بلور نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں کاروباری طبقہ پہلے ہی زبوں حالی کا شکار تھا جبکہ بیشتر منصوبوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں ، ثمر بلور نے کہا کہ عوام اور خصوصاً تاجروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولیں ترجیح ہونی چاہئے تاکہ غریب عوام اپنے لئے دو وقت کی روٹی کمانے کے قابل ہو سکیں،اس موقع پر تاجروں نے بھی اپنے مسائل و مشکلات کے حوالے سے اظہار خیال کیا اور منصوبے کے بارے میں کئی تجاویز بھی پیش کیں، صوبائی وزیر کی جانب سے تاجر برادری کو درپیش تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر ثمر ہاروں بلور نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔