پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت کمراٹ کو نیشنل پارک میں تبدیل کرنے سے پہلے کمراٹ کے شہریوں کو اعتماد میں لیں اور زمین مالکان کو قیمتیں ادا کریں ،کیونکہ اس حکومتی فیصلے کے بعد کمراٹ کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ بلامعاوضہ حکومت اُن کی زمینوں پر قبضہ کررہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ضلع اپر دیر کے علاقہ کمراٹ کو نیشنل پارک میں تبدیل کرنے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن اس سلسلے میں علاقہ مکینوں ،زمینوں کے مالکان کو اعتماد میں نہ لینا نا انصافی ہے،حکومت کو علاقہ مکینوں اور مالکان کے ساتھ مل بیٹھ کر اُن کے مشاورت کے ساتھ اس منصوبے پر کام شروع کرنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ کمراٹ کا علاقہ ایشاء کا خوبصورت ترین اور سیاحت کا بڑا مرکز ہے،حکومت کو کمراٹ کی ترقی اور اس کو سیاحتی مقام بنانے کے حوالے سے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور اس منصوبے پر کام تب ہی شروع کیا جائے جب کمراٹ کے زمین مالکان کو اُن کی زمینوں کی رقم ادا کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمراٹ کا علاقہ سیاحت کا بہترین منصوبہ ثابت ہوسکتا ہے لیکن یہ منصوبہ تب ہی کامیاب ہوگاجب حکومت اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ دیں اور زمینوں پر قابض ہونے کے بجائے زمین مالکان کو رقم ادا کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کمراٹ کے شہریوں کے مشاورت سے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔