پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے قائمقام مرکزی صدر حاجی غلام احمد بلور نے سندھ کے شہر نوڈیرو میں تین پختونوں کے قتل عام پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر محنت کش پختونوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ان غریب محنت کش پختونوں کے قتل کے پیچھے سازش کارفرما دکھائی دیتی ہے اور پس پردہ عناصر پختونوں اور سندھیوں کے درمیان تفرقہ ڈال کر انہیں لڑانا چاہتے ہیں،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پختونوں نے کبھی بھی سندھ کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کی اور ہمیشہ سندھ کو سندھیوں کا ہی سمجھا ہے ، انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان کی70فیصد آمدن اور دولت سندھ کے پاس ہے لہٰذا غریب پختون ، پنجابی اور بلوچ رزق کمانے کی خاطر اس صوبے کا رخ کرتے ہیں ، انہوں نے واضح کیاکہ پختونوں نے ہمیشہ محبت کے جذبوں کو پروان چڑھایا اور ملک کے تینوں صوبوں دیگر صوبوں کے رہنے والوں کو اپنا بھائی تسلیم کیا، انہوں نے کہا کہ اب سندھ حکومت کا امتحان ہے کہ مارے جانے والے پختونوں کے لواحقین کو معقول مالی معاوضہ دینے کیلئے اقدامات کرے اور واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرا کے ملزموں کو قرار واقعی سزا دلائے۔