پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور چیئرمین صوبائی الیکشن کمیشن سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ہندوستان کو پاکستان کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہئے ،دونوں ممالک کے عوام امن کے خواہاں ہیں اور موجودہ حالات کے تناظر میں دونوں ملکوں کو صبر و استقامت کا مظاہرہ کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں ضلعی کابینہ کے انتخاب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر حاجی لطیف الرحمن صدر محمد ہارون خان جنرل سیکرٹری سمیت تمام کابینہ بلا مقابلہ منتخب کر لی گئی ،سردار حسین بابک نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نئے منتخب ہونے والے عہدیدار عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھیں ، موجودہ صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام جنگ سے نفرت اور امن کے خواہاں ہیں ،جنگ تباہی کا نام ہے لہٰذا دونوں ممالک کو سفارتی ذرائع کے مطابق حالات پر قابو پانا چاہئے اور دونوں جانب سے اشتعال انگیزی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں ملک کی تمام قوتوں اور جماعتوں کا متحد ہونا خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نازک صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کرے،انہوں نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ پوری قوم کی نظریں سرحدوں پر جاری حالات پر مرکوز ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا سوچ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہمارے مفاد میں ہیں اور کشیدہ حالات میں پاکستان کی جانب سے امن کی پیشکش قابل ستائش ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کے اس طریقہ کار کا مثبت اثر باقی رہے گا ، انہوں نے کہا کہ انڈیا کو بھی مثبت رویہ اپناتے ہوئے اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ دونوں ملک اپنے عوام کا سوچیں اور ہر فورم پر اشتعال اور جذبات کی بجائے صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کی راہ ہموار کریں۔