لورالائی(نامہ نگار)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون وطن اپنی سٹریٹیجک اہمیت کی وجہ سے دنیا کے زورآورں کے مفادات کی جنگ میں جل رہا ہے ہمیں ایندھن کے طور پر اس پرائے جنگ میں دھکیل کر جنت نظیر وطن کھنڈرات کی منظر پیش کرنے لگے ضرورت اس امر کی ہے کہ پشتونوں کو درپیش بقا کی اس جنگ سے مشترکہ طور پر نمٹا جائے ورنہ فنا ہو نے میں شاید دیر نہ لگے۔ لورالائی میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما سردار گل مرجان کبزئی کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اصغرخان اچکزئی نے کہا کہ پشتون بحیثیت قوم ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور دوہری دہشت گردی کا شکار ہے یہ حالات ہم سے اتفاق واتحاد کا تقاضہ کرتا ہے خدانخواستہ ہم نے ان گھمبیر صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ نہیں لیا تو آنیوالی نسلیں ہمیں ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ اس موقع پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبیداللہ جان بابت نے کہا کہ شروع دن سے ملک بھر میں پشتونوں کے ساتھ معاندانہ رویہ اپنایا گیا پشتونوں پر ملک بھر میں زندگی اجیرن بنادی گئی دوسری جانب دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر پشتون تاجر طالبعلم مزدور پیشہ افراد کو آئے روز تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے لہذا اس ناروا طرز عمل کے خلاف پشتونوں کی قومی سیاسی جمہوری جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا بصورت دیگر ان ناانصافیوں ظلم جبر کے بوجھ تلے مزید دب کر رہ جائیں گے۔ اعزازیے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر ،صوبائی نائب صدر اصغر علی ترین صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عبدالباری آغا اور دیگر بھی موجود تھے ۔