اسلام آباد( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے خصوصی ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے نئے اضلاع اور خیبرپختونخوا میں قائم حراستی مراکز پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اسکے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے معاشی وسائل قبضے میں لینے کے حوالے سے حکومتی قانون سازی کی مذمت کی گئی۔ملاقات کے دوران ضم اضلاع کے عوام کے جائز معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اس موقع اے اینی پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ حراستی مراکز کے حوالے سے ہمارا مئوقف روز اول سے واقف ہے کہ ملک میں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہی چلنی چاہئیے،کسی کو لاپتہ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے اور ہمارا مطالبہ رہا ہے کہ اگر کوئی کسی جرم میں ملوث ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کے معدنی ذخائر پر قبضہ کرنے کیلئے قانونی راستے تلاش کیے جارہے ہیں لیکن حکومتی قانون سازی کے خلاف عوامی مزاحمت و احتجاج کے ساتھ ساتھ اپنے وکلاء سے مشاورت کررہے ہیں۔ جہاں بھی ممکن ہوگا اس قانون کے خلاف کھڑے رہیں گے کیونکہ دہشت گردی سے متاثرہ عوام سے ان کا اختیار چھیننا انہیں مزید پسماندگی کی طرف دھکیلنا ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت یکطرفہ احتساب کے نام پر ڈرامہ رچایا جارہا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنے معالج کی سہولت نہ دینا ناانصافی ہے، انہیںفوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے جمہوریت کی اصل شکل میں بحالی اور حکومتی ناکامی کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں احتساب کے نام پر اپوزیشن کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور سلیکٹڈ حکومت سلیکٹڈ احتساب کے ذریعے مخالف آوازوں کو دبانا چاہتی ہے۔ ایمل ولی خان نے مطالبہ کیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائے، وہ پہلے بھی 11سال جیل کاٹ چکا ہے لیکن کچھ ثابت نہیں ہوا اور نہ اب ہوگا۔ ملاقات میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترقی پسند سیاسی جماعتوں کو جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کا ایجنڈا آگے لے کر بڑھنا چاہئیے اور امید ہے سپریم کورٹ جلد حراستی مراکز کے حوالے سے پیٹیشن کا فیصلہ سنادے گی۔ ملاقات میں گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور سیاسی اتحادیوں کو اٹھارویں ترمیم کی سزا دی جارہی ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر آصف علی زرداری کی بیمارپرسی و حمایت پر عوامی نیشنل پارٹی اور ایمل ولی خان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نیئربخاری اور فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔