پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے افغان سفیر عاطف مشعال سے خصوصی ملاقات میں ڈاکٹر ناکامورا پر حملے اور اُن کی قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی ا س گھڑی میں اے این پی افغان عوام اور حکومت افغانستان کے ساتھ کھڑی ہے۔اسلام آباد میں افغان سفیر عاطف مشعال سے خصوصی ملاقات میں ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونوں کی خدمت واقعی سر کے بدلے ہیں،ڈاکٹر ناکامورا نے زندگی کے قیمتی سال افغان عوام کی خدمت کرتے ہوئے گزارے اور افغانستان کو سرسبز بنانے میں ڈاکٹر ناکامورا نے ایسا کردار ادا کیا جس کو تاریخ میں سنہرے الفاظ سے یاد کیا جائیگا،ایمل ولی خان نے افغان سفیر کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی اس وقت اپنے پرانے مطالبے کو پھر سے دہراتے ہوئے کہتی ہے کہ پرامن افغانستان کے بغیر پر امن پاکستان کے خواب دیکھنا خواب ہی ہوسکتے ہیں،جب تک دنیا کی طاقتیں اصل معنوں میں افغان امن عمل میں کردار ادا نہیں کرتیں۔ پورے ریجن میں بلخصوص اور پوری دنیا میں بالعموم امن نہیں آسکتا۔ایمل ولی خان نے اپنی ملاقات میں افغان سفیر کے ساتھ پختون سرزمین کو درپیش دیگر مسائل پر بھی بات چیت کی،انہوں نے کہا کہ اے این پی سمجھتی ہے کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات میں چھپا ہوا ہے،امریکہ کی جانب سے افغان امن عمل کی دوبارہ شروعات خوش آئند ہے،افغان امن مذاکرات پاکستان کے قومی اسمبلی کی قرارداد افغان اون اور افغان لیڈ کی بنیاد پرہی کامیاب ہوسکتے ہیں۔افغان سفیر نے ڈاکٹر ناکامورا کے قتل کے واقعے کے حوالے سے داد رسی اور افغانستان کے بہتر مستقبل کیلئے نیک خواہشات پر اے این پی کے صوبائی صدر کا شکریہ ادا کیا۔