عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ کہ عوام کے مسائل کا حل صرف جمہوریت میں مضمر ہے اور ملک پر مسلط غیر منتخب افراد سہاروں کی بنیاد پر جمہوریت سے کھلواڑ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجکٹہ بونیر میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی استقبال خان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا،

سردار حسین بابک نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت کے بغیر ممکن نہیں اور عوام جمہوری اداروں کے استحکام و جمہوریت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں لیکن بد قسمتی سے گزشتہ انتخابات میں عوام کی حقیقی نمائندگی پر ڈاکہ ڈال کر غیر منتخب افراد کو مسلط کر دیا گیا جنہوں نے اپنی غیر سنجیدگی کے باعث عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے بے پناہ اضافہ کر دیا ، سردار بابک نے مزید کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے صوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ،ٹیکسوں کی بھرمار اور بے روزگاری نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سہاروں کی بنیاد پر حکومت میں آنے والے حکومتی امور چلانے کے اہل نہیں ،موجودہ حکومت تاریخ کی واحد حکومت ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں اور تبدیلی سرکار کے ڈھونگ پر ان سے متنفر ہو چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں عمران خان نے نوجوانوں کو اپنے پاس تجربہکار ٹیم کے نام پر ورغلایا لیکن بدقسمتی سے عاقبت نا اندیش لوگوں نے ملک اور صوبے کو مالی و انتظامی طور پر دیوالیہ کر دیا جس سے عوام کے مسائل و مشکلات میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے،لوگ مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل میں دھنس چکے ہیں اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رائے پر ڈاکہ ڈالنے والوں ، جمہوریت کے دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کے خلاف اور جمہوریت کی بقاء اور اداروں کی آزادی کی جنگ جیت کر رہیں گے، سردار بابک نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک موٹر وے وقت کی اہم ضرورت ہے ،صوبائی حکومت نے بی آر ٹی کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا لیکن موٹر وے کی تعمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پشاور میں بیوٹیفیکیشن اور بی آر ٹی کے نام پر خزانے کا لوٹا گیا لیکن نیب کی آنکھیں بند ہیں،انہوں نے کہا کہ مقتدر قوتوں کا کام حکومتیں بنانا اور گرانا نہیں ، تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہو گا۔اے این پی ضلع بونیر کے صدر محمد کریم بابک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔