عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری فنانس حاجی ہدایت اللہ خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بالادستی کیلئے اے این پی کا کردار ناقابل فراموش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ سجاد احمد چانڈیو کی قیادت میں باچا خان مرکز پشاور میں ان سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی، عوامی تحریک کے صدر ایڈووکیٹ سجاد احمد چانڈیو نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر جمہوریت کی بقا کیلئے کوششیں کرنا ہونگی، حاجی ہدایت اللہ خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے این پی خدائی خدمتگار تحریک کا تسلسل جماعت ہے اور ہمارے اکابرین نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی اور آمریت کے خلاف صعوبتیں برداشت کیں، انہوں نے کہا کہ خدائی خدمتگاروں کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک انگریز سامراج کے تسلط سے آزاد ہوا، انہوں نے کہا کہ اے این پی جمہوریت کی بالادستی کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔