پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی الیکشن کمیشن کے چیئرمین میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے این پی کی صوبائی کونسل آئندہ چار سال کیلئے کابینہ کا انتخاب باچا خان مرکز میں کرے گی جس کا اجلاس صبح10بجے مرکزی الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی منعقعد ہو گا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی جمہوری جماعت ہے جس میں نچلی سطح سے لے کر مرکز تک پارٹی کارکن اپنے لئے نمائندوں کا انتخاب جمہوری انداز میں کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی کونسل کے اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور کونسل ممبران مقررہ وقت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں، میاں افتخار حسین نے کہا کہ جن عہدوں پر ایک سے زائد امیدوار موجود ہیں ان پر پولنگ کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا جبکہ ایک عہدے پر صرف ایک درخواست دینے والے بلا مقابلہ منتخب ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں صرف صوبائی کونسل کے ممبران کو شرکت کی اجازت ہوگی لہٰذا جو افراد کونسل کے ممبر نہیں وہ اس دن باچا خان مرکز آنے سے گریز کریں۔