2019 عوام کو گیس کی فراہمی،اے این پی نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کردی

عوام کو گیس کی فراہمی،اے این پی نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کردی

عوام کو گیس کی فراہمی،اے این پی نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کردی

سب سے زیادہ گیس پیداواری صوبہ ہونے کے باوجود بیشتر حصہ کو فراہمی نہیں ہورہی

پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی نے سب سے زیادہ گیس پیداواری صوبہ ہونے کے باوجود گیس فراہمی سے محرومی کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد پیش کردی۔ پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا سب سے زیادہ گیس پیداواری صوبہ ہونے کے باوجود بیشتر حصہ گیس فراہمی سے محروم ہے۔ آئین کے رو سے قدرتی گیس کے استعمال پر سب سے پہلے حق اسی صوبے کے عوام کا ہے۔ دور جدید میں بھی یہاں کے باسی روزمرہ استعمال کیلئے لکڑی استعمال کررہے ہیں جو انتہائی نامناست اور ناانصافی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عوام کیساتھ ہونیوالے ناانصافی کا ازالہ کیا جائے اور مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع کو قدرتی گیس کی فراہمی کیلئے فوری اور عملی اقدامات جاری ہونے چاہئیے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا ملکی وسائل اور آمدن کے ذرائع سے مالامال ہونے کے باوجود یہاں کے عوام ان قدرتی ذرائع سے مستفید ہونے سے قاصر ہیں۔ قرارداد کے مطابق صوبہ بھر میں پودوں پر اربوں روپے لگائے جارہے ہیں لیکن مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کا پیسہ ضائع ہورہا ہے۔ ہر ضلع کو گیس کی سہولت فراہم کرنے سے صوبہ کے جنگلات بھی بچ جائیں گے اور جلانے کیلئے لکڑی کے استعمال کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ قرارداد میں پرزور سفارش کی گئی ہے کہ صوبے کے کونے کونے کو قدرتی گیس کی سہولت فراہمی کے احکامات جاری کئے جائیں

شیئر کریں