عوامی نیشنل پارٹی نے چیف الیکشن کمیشن کو خط تحریر کیا ہے جس میں فاٹا میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے گزارشات سے آگاہ کیا ہے ، خط صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری بنتی ہے اور ساری قوم کی توقعات اس سے وابستہ رہتی ہیں کہ ان کے رائے دہی یعنی ووٹ کے تحفظ اور احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔ایمل ولی خان نے خط میں الیکشن کمیشن سے امید کا اظہار کیا کہ صاف و شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنایا جائے گا ، خط میں اپیل کی گئی ہے کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں و سپاہیوں کو پولنگ سٹیشنوں کے باہر متعین کیا جائے اور کسی بھی طرح انہیں پولنگ کے معاملات میں مداخلت اور پولنگ سٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ،کیونکہ25جولائی کے انتخابات میں ساری قوم کے تحفظات اور سوالات اب بھی جواب طلب ہیں۔ایمل ولی خان نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمشنر اپنے اختیار اور ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سوالات اٹھانے کا موقع نہیں دیں گے۔