پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونوںکا اتفاق وقت کا اہم تقاضا ہے، اے این پی کے دروازے ہر کسی کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور پختونوںکے اتحاد کیلئے ہر ممکن حد تک جائیں گے۔ پارٹی کے سابق سینئر رہنما فریدطوفان کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت عوامی نیشنل پارٹی پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ فرید طوفان نے ہفتہ کے روز اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان اور صوبائی صدر ایمل ولی خان سے ملاقات کی ۔ پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان ایک پروقار پریس کانفرنس میں کریں گے۔ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اس موقع پر فرید طوفان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی پختونوںکے حقوق کیلئے ہر محاذ پر کھڑی رہے گی لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ پختونوںکو بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع کرایا جاسکے۔موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ پختونملکر ان کا مقابلہ کریں اور اپنے حقوق کیلئے کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔ اے این پی پختونوںکی واحد ترجمان جماعت ہے اور آج سیاسی رہنمائوں کی دوبارہ پارٹی میں شمولیت عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کو درپیش مسائل کا ادراک کئے بغیر حقوق کی جنگ نہیں جیتی جاسکتی۔ آج صوبائی خودمختاری پر حملے ہورہے ہیں، صوبائی حقوق کی جنگ میں موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، بجلی و گیس کی رائلٹی لینے میں ناکامی کے بعد موجودہ حکومت نے انکی قیمتیں بڑھا کر عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے خلاف موجودہ حکومت سازش کررہی ہے جس کو کسی بھی حالت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے لوگوں کو بچانے کیلئے ایک اور صدارتی آرڈیننس نافذ کردیا ہے۔ جمہوری ادوار میں حکومت پارلیمان چلاتی ہے لیکن نااہل اور سلیکٹڈ حکومت قانون سازی کی بجائے آرڈیننسز پر چل رہی ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے جلد ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائیگا جس میں فرید طوفان باقاعدہ عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔