پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی شمالی اور جنوبی وزیرستان کی کابینہ تشکیل دے دی گئیں، اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمیشن کے ممبران کی زیر نگرانی متعلقہ اضلاع کے انتخابی اجلاس منعقد ہوئے جس میں ضلعی الیکشن کمیٹیوں کے ممبران اور کونسل ارکان سمیت تمام مشران نے شرکت کی، جنوبی وزیرستان میں انتخابی اجلاس کے دوران ضلع کیلئے کابینہ بلا مقابلہ منتخب کر لی گئی اور عزیز اللہ آئندہ چار سال کیلئے جنوبی وزیرستان کے صدر جبکہ نیازمحمد جنرل سیکرٹری چن لئے گئے،کابینہ کے دیگر ممبران بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے، اسی طرح شمالی وزیرستان میں انتخابی اجلاس کے دوران فضل ناصر حمید صدر اور خلیل وزیر جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار حسین بابک نے نو منتخب کابیناؤں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدور و جنرل سیکرٹریز اپنی کابینہ کے ساتھ علاقے کی ترقی اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے بھرپور لگن سے کام کریں گے اور انسانیت کی خدمت کو شعار بناتے ہوئے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی مضبوطی و فعالیت کیلئے دن رات محنت کریں گے۔