پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ آزادی کیلئے روسی عوام نے بیش بہا قربانیاں دیں اور لاکھوں شہری و فوجی آزادی کی تحریک میں امر ہو گئے، 9مئی1945 کے حوالے سے روس کے74ویں یوم فتح کے موقع پر رشین فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ استعماری قوتوں کے خلاف مزاحمت ہمارا مشترکہ ورثہ ہے، سید عاقل شاہ نے کہا کہ آزادی کیلئے روسی عوام نے بیش بہا قربانیاں دیں اور لاکھوں شہری و فوجی آزادی کی تحریک میں امر ہو گئے ، انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے روس کی اس عظیم قربانی نے دنیا اور بالخصوص یورپ کو حقیقی آزادی کا پیغام دیا ، انہوں نے کہا کہ باچا خان کے پیروکار بھی عالمی امن کی خاطر قربانیاں دیتے آئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے، سید عاقل شاہ نے کہا کہ باچا خان کے پیروکار اور خدائی خدمتگار تحریک کے سپاہی خطے کے امن اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی رواداری اور احترام کی بنیاد پر تعلقات کے خواہاں ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی اعتبار سے ٹرانس قزاقستان سے لیکر دریائے آکسز اور پامیر کے پہاڑوں تک کے پو رے خطے کے لوگ ثقافتی ،مذہبی اور تجارتی تعلقات کے حامل رہے ہیں اور مستقبل میں تاریخی و ثقافتی تعلقات کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے خواہاں ہیں۔