پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے لکی مروت میں ایجوکیشن مانیٹرنگ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں خاتون افسر سمیت دو افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردوں کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں تاہم حکومت کی جانب سے صرف بیانات اور مذمت کے علاوہ کوئی ٹھوس حکمت عملی نظر نہیں آ رہی ، انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی نیشنل ایکشن پلان پر ملک بھر میں عمل درآمد کیا جائے تو دہشت گردوں کو سر اٹھانے سے روکا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اے این پی بار بار یہ مطالبہ کرتی رہی لیکن ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ، جس کی وجہ سے بے گناہ عوام جنازے اٹھا رہے ہیں ، انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔