پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی کی ضلعی و ذذیلی تنظیموں منتخب ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ25جولائی کو یوم سیاہ کے موقع پر منعقد کئے جانے والے عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 25جولائی بروز جمعرات دن گیارہ بجے مسلط کردہ حکومت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا اور صاحب الرائے مشران سمیت تمام پختونوں سے اپیل ہے کہ اس مظاہرے میں شریک ہو کر نااہل حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کریں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال25جولائی2018کو ملک پر سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی اور عوام کی رائے کا احترام نہ کرتے ہوئے مخصوص مفادات کی خاطر جمہوریت پر وار کیا گیا،جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے، ایمل ولی خان نے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ جمہوریت کی بحالی،عوام کی حکمرانی یقینی بنانے اور مسلط کردہ حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپوزیشن کے مشترکہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں،انہوں نے کہا کہ اے این پی جمہوریت کی بحالی و مضبوطی،اداروں کی آزادی،ملکی سلامتی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔