پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور طغیانی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے تعزیت اور ہمدردی ظاہر کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ قدرتی آفات انسانوں کے لئے آزمائش ہوتی ہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہاء نہ چھوڑا جائے،صوبائی حکومت اور سماجی تنظیمیں ان کی بحالی کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات کریں، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس قسم کے نقصانات سے بچنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسری چیز انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی فوری طور پر مالی امداد کرے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے میدان میں آئیں،ایمل ولی خان نے صوبائی حکومت سے نقصانات کا فوری طور پر جائزہ لینے، تخمینہ لگانے اور متاثرین کے ساتھ فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کی صورتحال کیلئے الرٹ رہنا چاہئے اور تمام تر توجہ ممکنہ حادثات سے نمٹنے پر مرکوز رکھنی چاہئے۔