2019 ایمل ولی خان کی شیخ جہانزادہ کے گھر پر حملے کی مذمت

ایمل ولی خان کی شیخ جہانزادہ کے گھر پر حملے کی مذمت

ایمل ولی خان کی شیخ جہانزادہ کے گھر پر حملے کی مذمت

پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اے این پی باجوڑ کے رہنما اور سابق امیدوار شیخ جہانزادہ کے گھر پر میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر عرصے میں باجوڑ کے معزز شخصیت اور پارٹی رہنما پر دوسرا حملہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے اس واقعے کی جلدازجلد تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اے این پی کے صوبائی صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ عوامی نیشنل پارٹی باجوڑ کے رہنما شیخ جہانزادہ اور انکے خاندان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں۔ انہوں نے حملے میں زخمی خواتین کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اے این پی شیخ جہانزادہ اور انکے خاندان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اس قسم کے ہتھکنڈے پارٹی کارکنان اور قیادت کو اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی۔ اے این پی شہداء اور قربانیوں کی جماعت ہے جنہوں نے دہشت گردی اور شدت پسندی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قربانیوں سے ڈرنے والے نہیں بلکہ اس دھرتی کا تحفظ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کریں گے۔صدسالہ تحریک میں ہمارے اسلاف نے کئی قربانیاں دی ہیں اور مزید اس قسم کے ہتھکنڈے برداشت نہیں کریں گے۔ایمل ولی خان نے کہا کہ نئے اضلاع کے انضمام کے بعد بھی باجوڑ اور دیگر نئے اضلاع کے حالات موجودہ حکومت سے نہیں سنبھالے جارہے۔ مقامی افراد کو بھتے کی پرچیاں موصول ہورہی ہیں لیکن انتظامیہ اور حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی نہ ہی ابھی تک متعلقہ محکموں کے دفاتر مکمل طور پر ان اضلاع کو منتقل کئے گئے ہیں۔باجوڑ میں حالات کی کشیدگی کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پچھلے مہینے اے این پی تحصیل خار کے نائب صدر کوبھی نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ انتظامیہ حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ مقامی عمائدین اور سیاسی رہنمائوں کا اعتماد بحال ہو۔

شیئر کریں