امیر حیدر خان ہوتی کا امیدواروں کی حمایت پر اپوزیشن جماعتوں سے اظہار تشکر

اے این پی بھی ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کے نامزد امیدواروں کی حمایت کرے گی ۔

حقیقی جمہوریت اور عوام کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی ضروری ہے۔

عوام ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کے امیدواروں کو کامیاب کر کے حقیقی جمہوریت کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔

عوام کے ضمیر کی آواز کا تحفظ اور ووٹ کا تقدس پامال ہونے سے بچانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے سوات ،صوابی،نوشہرہ،مردان اور پشاور میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کرنے پر اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی،ایم ایم اے اور قومی وطن پارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی بھی اپوزیشن پارٹیوں کے نامزد امیدواروں کی حمایت کرے گی، انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی ضروری ہے اور عوام ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کے امیدواروں کو کامیاب کر کے حقیقی جمہوریت کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے لہٰذا وہ اپنے اختیارات کا استعمال کر کے انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے اقدامات کرے کیونکہ پہلے ہی25جولائی کے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی کاکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عوام کے ضمیر کی آواز کا تحفظ یقینی بنائے اور ووٹ کا تقدس پامال ہونے سے بچائے۔