محکمہ لائیو سٹاک اور فشریز میں غیر قانونی بھرتیاں ، اے این پی نے تحریک التوا جمع کرا دی
تحریک التوا اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے جمع کرائی۔
محکمہ لائیو سٹاک اور فشریز میں2015سے لے کر آج تک ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں۔
اگست2016میں محکمہ فشریز میں90خالی اسامیوں پر140کے قریب غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں۔
اگست2017میں80اسامیاں مشتہر کی گئیں لیکن عملے سے غیر قانونی بھرتیوں سے انکار کر دیا۔
غیر قانونی بھرتیوں سے انکار پر محکمہ کے27افسران کو گزشتہ ہفتے معطل کر دیا گیا ۔
اختیارات کے ناجائز استعمال اور انصاف و شفافیت کا جنازہ نکالنے کے عمل کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔.

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی نے محکمہ لائیو سٹاک اور فشریز میں ہونے والی غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ، تحریک التوا اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے جمع کرائی ،تحریک میں سپیکر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی کہ محکمہ لائیو سٹاک اور فشریز میں2015سے لے کر آج تک ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں ،تحریک میں کہا گیا ہے کہ اگست2016میں محکمہ فشریز میں90خالی اسامیوں پر140کے قریب غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں جبکہ ایک سال بعد ہی اگست2017میں80اسامیاں مشتہر کی گئیں لیکن من پسند افراد بھرتی نہ ہونے اور محکمہ کے اہلکاروں کی طرف سے بھرتیاں کرنے سے انکار کے باعث گزشتہ ہفتہ محکمہ لائیو سٹاک اور فشریز کے گریڈ18,17,16 اور گریڈ19کے27اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ،سردار حسین بابک نے کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی بھرتیاں کرنے سے انکار پر27افسران کو معطل کرنا کہاں کا انصاف ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر غیر قانونی بھرتیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور انصاف و شفافیت کا جنازہ نکالنے کے عمل کی جوڈیشل انکوائری کی جائے اور اسمبلی کو رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔