عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کا پہلا اجلاس باچا خان مرکز میں اختتام پذیر
صوبے کے طول وعرض میں مثالی اور شفاف رکنیت سازی و تنظیم سازی کی جائیگی۔الیکشن کمیشن

پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کا پہلا اجلاس چئیرمین سردار حسین بابک کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں میں کمیشن کے تمام ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں نئی رکنیت سازی پر تفصیلی بحث کی گئی اور تفصیلاً حکمت عملی اور ضابطہ اخلاق بنایا گیا۔الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ صوبے کے طول وعرض میں مثالی اور شفاف رکنیت سازی و تنظیم سازی کی جائیگی۔صوبے میں رکنیت سازی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائیگی، تحصیلوں اور یونین کونسلوں کی سطح پر رکنیت سازی کی تشہیر کی جائیگی اور ہر یونین کونسل کی سطح پر کیمپس لگائے جائینگے۔یکم نومبر سے صوبے بھر میں رکنیت سازی کا عمل شروع کیا جائیگااور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ کوئی بھی رکن رکنیت سازی کے عمل سے محروم نہ ہو۔الیکشن کمیشن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس آئینی ذمہ داری کو پوری کرنے کیلئے دن رات ایک کرکے مقررہ میعاد میں پورا کیا جائیگا۔اجلاس میں متفقہ طور پر جاوید خان یوسفزئی کو الیکشن کمیشن کا سیکرٹری منتخب کیا گیا۔