صحافیوں نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، حاجی غلام احمد بلور 
اے این پی نے صحافیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی اور ہمیشہ ان کے حقوق کیلئے کمر بستہ رہے گی۔
صحافیوں کو بے روزگار کرنے سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا۔جبری بر طرفی کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے میں پائی جانے والی خرابیوں اور عوامی مسائل کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرتے ہیں اور صحافیوں نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کے سامنے مختلف میڈیا ہاؤسز سے جبری طور پر نکالے گئے صحافیوں کے احتجاجی کیمپ میں شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز مالکان جبری برطرفی کا فیصلہ واپس لیں ،جمہوریت کی بقاء کیلئے صحافی برادری نے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے صحافی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی اور ہمیشہ ان کے حقوق کیلئے کمر بستہ رہے گی انہوں نے مزدور دشمن پالیسیوں کی مذمت کی اور کہا کہ صحافیوں کو بے روزگار کرنے سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا۔