سو روزہ فریبی دعوے اپنے منطقی انجام کے قریب ہیں ، حاجی غلام احمد بلور 
الیکشن سے قبل جھوٹے وعدے کرنے اور عوام کوبے وقوف بنانے والوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
پی کے78میں ہارون بلور شہید اوران کے ساتھیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
ملک کے حالات سنگین ہو چکے ہیں اور ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔
حالات کے سدھار کی جانب توجہ نہ دی گئی تو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں اور دلفریب نعروں سے عوام کو بے وقوف بنانے والوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور مختصر عرصہ میں عوام کو مہنگائی اور نئے ٹیکسوں کے تحفے دیئے گئے ہیں ،گیس پٹرول اور روز مرہ اشیا کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر ہو چکی ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی کے78کے ضمنی الیکشن کے حوالے انتخابی مہم کے دوران مختلف وارڈز کے دوروں کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ، اے این پی کے سٹی کے صدر ملک غلام مصطفی اور دیگر پارٹی قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے ، انہوں نے کہا کہ پی کے78میں ہارون بلور شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور متحدہ اپوزیشن میں شامل تمام جماعتیں 10جولائی کے شہداء کو خرج عقیدت پیش کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور کو کامیاب کرائیں گی،انہوں نے کہا کہ پشاور کے غیور عوام نے کبھی اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کیا اور14اکتوبر کو ایک بار پھر سیاست کو عوامی خدمت سمجھنے والوں کی کامیابی یقینی ہے ،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملک کے حالات سنگین ہو چکے ہیں اور ہر طرف افراتفری کا عالم ہے ، تمام مکتبہ فکر کے لوگ ذہنی کرب میں مبتلا ہیں اورسو روزہ پلان اب اپنے منطقی انجام کے قریب ہے، انہوں نے کہا کہ اگر حالات کے سدھار کی جانب توجہ نہ دی گئی تو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ضمنی الیکشن میں اپنا ووٹ جمہوری قوتوں کے حق میں استعمال کر کے عوام کی حقیقی حکمرانی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔