اسفندیار ولی خان کا اقبال حسین خٹک اور گل زمین خان کے انتقال پر اظہار تعزیت

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اے این پی کے رہنما سابق وزیر اقبال حسین خٹک اور اے این پی سعودی عرب کے مرکزی صدر گل زمین خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اپنے ایک تعزیتی بیان میں اسفندیار لی خان نے مرحوم اقبال حسین خٹک کی سیاسی زندگی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم سیاسی تاریخ کی ایک قابل تقلید شخصیت اورغیر متزلزل عزم کے پیکر تھے ۔
دریں اثنا اسفندیار ولی خان نے اے این پی سعودی عرب کے صدر گل زمین خان کی اچانک وفات پر غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پارٹی کے ساتھ طویل رفاقت میں گرانقدر خدمات انجام دیں، اور ان کی یہ خدمات اور قربانیاں تاریخ کا ایک روشن باب ہیں ،انہوں نے کہا کہ گل زمین خان کی وفات سے اے این پی ایک مدبر اور باصلاحیت رہنماسے محروم ہو گئی ہے ،مرحوم پارٹی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء شاید ہی کبھی پُر ہو سکے گا، اسفندیار ولی خان نے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔