اسفندیار ولی خان اور امیر حیدر خان ہوتی کا حاجی عبدالوہاب کی وفات پر اظہار تعزیت
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے تبلیغی جماعت کے سربراہ ، ممتاز عالم دین حاجی عبدالوہاب کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے دلی تعزیت کی ہے، اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم ایک ایسی ہستی ہیں جنہوں نے پاکستان، بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر کے ممالک میں تبلیغ دین کا کام کیا اور فروغ دین کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ مرحوم ایک انتہائی قابل قدر ،قابل احترام اور بزرگ انسان تھے اور ان کی وفات سے پاکستان سمیت پورا خطہ ایک مبلغ اسلام سے محروم ہو گیا ہے، امیر حیدر خان ہوتی نے دین اسلام کیلئے مرحوم حاجی عبدالوہاب کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں، پارٹی قائدین نے مرحوم حاجی عبدالوہاب کی مغفرت اور غمزدہ خاندان کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔