حکومت طاہر داوڑ معاملے کی تحقیقات میں بالکل سنجیدہ نہیں،ستارہ ایاز
تصادم کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے امن اور مفاہمت سے مسائل کا دیرپا حل نکالا جا سکتا ہے۔

پشاور ( پ ر ) سینیٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر ستارہ ایاز نے شہید ایس پی طاہر داوڑ کے بارے میں حکومتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اس سلسلے کی تحقیقات کے بارے میں بالکل سنجیدہ نہیں ہے اور حقائق سے آنکھیں چرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد جو کہ محفوظ ترین شہر ہے سے ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار کا اغواء ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کس حد تک جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سکیورٹی اہلکار اور حکام خود محفوظ نہیں تو عام شہری کا کون پرسان حال ہو گا۔ انہوں نے کہا ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں اور مسائل کا حل ڈائیلاگ اور گفت و شنید کے ساتھ نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہ حکومت تناؤ اور کشیدگی کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے پرامن طریقے کے ساتھ مسائل کا حل ڈھونڈنے کے لئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دانشمندانہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ تصادم کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے امن اور مفاہمت سے مسائل کا دیرپا حل نکالا جا سکتا ہے۔