حاجی محمد عدیل مرحوم نے حق کی خاطر استقامت سے جبر کے خلاف جدوجہد کی، اسفندیار ولی خان

انگریز سامراج کے خلاف بھر پور جدوجہدکرنے والے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے باچا خان بابا کی تحریک کا حصہ بنے۔

ساتویں این ایف سی ایوارڈ اور بجلی منافع کے بقایا جات کے علاوہ 18 ویں ترمیم حاجی محمد عدیل کی مرہون منت ہے ۔

اہم عہدے رکھنے کے باوجود حاجی محمد عدیل کا دامن بے داغ رہا ۔مرحوم جیسے حقیقی سیاسی رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔

مرحوم رہنما پارٹی اور ملکی سیاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے۔امیر حیدر خان ہوتی ،دوسری برسی کے موقع پر خصوصی پیغام

پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ انگریز سامراج کے خلاف بھرپور جدو جہد کرنے والے اے این پی کے سینئر رہنما مرحوم حاجی محمد عدیل کی پارٹی اور قوم کیلئے خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی،مرحوم حاجی محمد عدیل کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ حاجی محمد عدیل پارٹی اور ملکی سیاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے ، حاجی عدیل کی جمہوریت پسندی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اُن کی سیاسی خدمات کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ۔اُنہوں نے کہا کہ حاجی عدیل ایک ایسے انسان کے فرزند تھے جنہوں نے انگریز سامراج کے خلاف بھر پور جدوجہد کی۔ اور وہ بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے باچا خان بابا کی تحریک کا حصہ بنے ، اُنہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 1988 میں عوامی نیشنل پارٹی سے کیا۔وہ 1993 میں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ اور بعد میں ڈپٹی سپیکر بھی رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے اہم عہدے رکھنے کے باوجود حاجی محمد عدیل کا دامن بے داغ رہا ۔اُنہوں نے ساتویں این ایف سی ایوارڈ اور بجلی منافع کے بقایا جات کے علاوہ 18 ویں ترمیم میں بھی نہایت ہی اہم اور متحرک کردار ادا کیا۔با کردار ، بااصول حاجی محمد عدیل مرحوم نے حق کی خاطر استقامت سے جبر کے خلاف جدوجہد کی۔اُنہوں نے کہا کہ حاجی عدیل مرحوم جیسے حقیقی سیاسی رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔ حاجی محمد عدیل مرحوم جمہوری جدوجہد کے ہیرو تھے ۔ ان کی مسلسل جدوجہد سیاست کے میدان میں مشعل راہ ہے ۔