جشن عید میلادالنبی کے موقع پر اسفندیار ولی خان کا خصوصی پیغام
ولادت مصطفیﷺ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے جو دنیا و آخرت میں فلاح و نجات کا ذریعہ ہے۔ خاتم الانبیاء رحمۃ للعالمین حضرت محمدﷺ کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد کے پیغام میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بہترین انسانیت کی مثال قائم کی جا سکتی ہے۔
12 ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے اور نبی پاکﷺ کے دنیا میں آنے سے انسان دشمنی، ظلم و بربریت، جہالت، جبر و استبداد، خواتین پر ظلم اور گمراہی کی تاریخ یکسر بدل گئی، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفو و درگزر اور جذبات کو پاکیزگی میسر آئی۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن ہمیں حضرت محمدﷺ سے عشق و محبت کا پیغام دیتاہے جنہوں نے ہمیں پوری انسانیت سے محبت کا درس دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بابرکت اورمبارک موقع پر عہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہاء پسندانہ سوچ، علاقائی تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، اپنے اندر اتحاد و اتفاق، باہمی محبت و رواداری اور احساس ذمہ داری جیسے اوصاف پیدا کریں گے جو ملک و قوم اور اقوام عالم کی ترقی کیلئے معاون ثابت ہوتے ہیں۔