یونس بونیری کی پریس کانفرنس

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائ جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری کا باچاخان مرکز میں پریس کانفرنس سے خطاب

کراچی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا کہ 12 مئی 2007 کو ملک میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی بحالی کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے48 سے زائدکارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ،جس میں سب سے زیادہ 22 شہداء عوامی نیشنل پارٹی کے تھے،ان خیالات کا اظہار انہوں باچا خان مرکز میں پریس کانفرنس کرتےہوئے کیا،اس موقع پر مرکزی لیبر سیکریٹری امیر نواب خان،نور اللہ اچکزئی،حاجی طور خان نورزئی،امیر گل خروٹی،سرفراز جدون،ارشد سہیل،شیر آفریدی اور انجینئر آصف و دیگر موجود تھے، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ اس عظیم سانحہ کی یاد میں ہر سال تعزیتی پروگرام منعقد کرتی ہے جس میں ہمارے شہداء کے لواحقین بھی شرکت کرتے ہیں تاکہ عظیم مقصد کے لیے جان نچھاور کرنے والوں کی یاد مناکر انصاف کے ایوانوں میں اعلیٰ منصبوں میں بیٹھنے والوں کی توجہ اس دردناک سانحے کی جانب مبذول کرواسکیں12مئی بروز ہفتہ کو باچا خان مرکز سے متصل گراؤنڈ میں ہونے والا تعزیتی جلسہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔12 مئی کا دن ہم یوم سوگ کے طور پر مناتے ہیں یہ دن خاص طور پر اہلیان کراچی کے لیے درد ،کرب اور غم کا دن ہے، افسوس کہ کچھ نادان سیاسی دوست اس دن جشن منانا چاہتے ہیں یہ ان کا حق ہے مگر یاد رکھیں 12 مئی 2007کی رات کو اُس وقت کا ملک کا طاقت ور آمر بھی طاقت کے نشے میں مست ہوکر اسلام آباد میں جیت کا مکہ لہراکر جشن منارہا تھا جس کا انجام آج سب کے سامنے ہے ۔ گزشتہ چند روز سے میڈیا میں ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ 12 مئی کو صرف دو سیاسی جماعتوں کا جلسہ ہے ، جبکہ سب سے پہلے 12 مئی کے تعزیتی جلسہ کا اعلان عوامی نیشنل پارٹی نے گزشتہ ماہ 11 اپریل کو مردان ہاؤس میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنس میں کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی 12 مئی کو باچا خان مرکز سے متصل گراؤنڈ میں تعزیتی جلسے کا انعقادکرے گی ،جس میں پارٹی ورکرز بھر پور انداز میں شرکت کریں گے ،تعزیتی جلسے سے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئر مین شاہی سید اہم خطاب کریں گے ، جس میں شہر میں بسنے والی مظلوم قومیتوں کو انتہائی اہم پیغام دیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ 12 مئی کو ہم اپنے پیاروں کی یاد منائیں گے ،جب دیگرسیاسی جماعتیں انتخابی جلسے منعقد کررہی ہیں ، عید الفطر کے بعد عوامی نیشنل پارٹی شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسۂ عام منعقد کرے گی جس سے پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان خطاب کریں گے ، ایک مرتبہ پھر میں یہاں آنے والے میڈیا کے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،امید کرتا ہوں کہ 12 مئی کو باچا خان مرکز سے متصل گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کو بھر پور کوریج دیں گے تاکہ ایک مظلوم ، جمہوریت پسنداور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچ سکے ۔