محکمہ مال کے ملازمین کی ہڑتال،عوامی نیشنل پارٹی نے صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی نے محکمہ مال کے ملازمین کی ہڑتالوں اور اس کے نتیجے میں عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے ، تحریک التوا صوبائی جنرل سیکرٹری اور پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے طول وعرض میں آئے روز محکمہ مال کے ملازمین کی ہڑتالوں سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ، حکومت محکمہ مال کے ملازمین کے مسائل پر توجہ دے،جو اپنے جائز مطالبات کیلئے ہڑتالی کیمپ لگائے ہوئے ہیں ،تحریک میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ مال کے ملازمین پٹواری ، گرداور،نائب تحصیلدار اور تحصیلدار کی ہڑتالوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور سائلین کو پیشیوں کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا ہے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے محکمہ مال کے ملازمین کے جائز مطالبات پر خصوصی توجہ دے اور ان کی مراعات و سہولیات اور سروس سٹرکچر کو یقینی بنائے ،انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ملازمت کا دورانیہ 8کی بجائے 16اور 20گھنٹوں پر محیط ہے،مذکورہ ملازمین محکمانہ کام کے ساتھ ساتھ دوسرے شعبوں میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں،جبکہ موزوں دفاتر اور ضروریات نہ ہونے کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، حکومت فوری طور پر ان کے مطالبات تسلیم کر کے پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کرے۔